اسلام آباد ایکسپریس وے سگنل فری منصوبہ پرپی ڈبلیو ڈی سے ٹی چوک روات تک کام رواں ماہ شروع ہوجائے گا،سی ڈی اے حکام
اسلام آباد ایکسپریس وے سگنل فری منصوبہ پرپی ڈبلیو ڈی سے ٹی چوک روات تک کام رواں ماہ شروع ہوجائے گا،سی ڈی اے حکام
اسلام آباد ایکسپریس وے سگنل فری منصوبہ پرپی ڈبلیو ڈی سے ٹی چوک روات تک کام رواں ماہ شروع ہوجائے گا، موجودہ حکومت نے مذکورہ منصوبے پر کام کی رفتار کو تیزکردیا ہے جبکہ کورنگ سے پی ڈبلیو ڈی تک کام آئندہ سال جون تک مکمل کرلیا جائے گا۔ منگل کو سی ڈی اے حکام نے ’’اے پی پی ‘‘ کو بتایا کہ سگنل فری منصوبہ کے پی ڈبلیو ڈی سے ٹی چوک روات تک کام کا ٹینڈر ایف ڈبلیو او کو دیا گیا ہے، اس منصوبے پر رواں ماہ سے کام شروع ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے پر دونوں اطراف میں سڑک کوچار چار رویہ کیا جائے گا جس میں دریائے سواں پر پل ، بھنڈر پل ، جاپان روڈ انڈر پاس، نیول اینکریج کی توسیع ، سہالہ انٹرچینج سمیت سڑک کو سگنل فری بنایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ کئی سالوں سے التوا کا شکار تھا تاہم موجودہ حکومت نے عوام کی سہولت اور بہتری کےلئے اس منصوبے پر کام میں تیزی لائی ہے اور اس منصوبے پر رواں ماہ ہی کام شروع ہوگا جو کہ18 ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا۔ منصوبہ مکمل ہونے سے براستہ جی ٹی روڈ جڑواں شہروں میں آنے والے مسافروں کی مشکلات میں کمی آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس منصوبے کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ شہری جو کئی برسوں سے مشکلات کا شکار تھے ان کی مشکلات کا ازالہ ہوسکے۔ حکام نے بتایا کہ سی ڈی اے اس منصوبے پرترجیحی بنیادو ں پر کام کرے گا اور یہ منصوبہ بروقت مکمل کرلیا جائے گا۔اسی طرح اسلام آباد ایکسپریس وے منصوبہ کا مرحلہ وار کام جاری ہے ، گلبرگ(نالہ کورنگ) سے پی ڈبلیو ڈی پر کام تیزی سے جاری ہے ۔ اس منصوبے پر تقریباً35فیصد کام مکمل ہوچکا ہے جبکہ باقی کام آئندہ سال جون تک مکمل کرلیا جائے گا، اس منصوبے میں بھی سڑک کو چار چار رویہ کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سگنل فری منصوبے کے اس مرحلہ میں ایک ریلوے پل بھی تعمیر کیا جارہا ہے تاکہ ٹرینوں کی آمدورفت میں کوئی خلل پیدا نہ ہو۔ حکام نے بتایا کہ اسلام آباد ایکسپریس وے سگنل فری منصوبہ پر مرحلہ وار کام جاری ہے ۔ واضح رہے کہ مذکورہ منصوبے کا افتتاح 2015 میں کیا گیا تھا ۔
پہلے مرحلے میں زیرو پوائنٹ سے فیض آباد تک دونوں اطراف چار رویہ 4 کلو میٹر سڑک اورآئی8- چوک پر انٹر چینج کی تعمیرمکمل ہوچکی ہے ، دوسرے مرحلے میں فیض آباد سے ایئر پورٹ / کرال چوک تک 8.5 کلو میٹر دونوں اطراف 5 رویہ روڈ کی تعمیر و توسیع بھی مکمل ہوچکی ہے جبکہ تیسرے مرحلے میں کورال سے جی ٹی روڈ تک 12.5 کلو میٹردونوں اطراف 4 رویہ روڈ کی تعمیر کا کام جاری ہے ۔ منصوبے میں جدید ٹریفک سنٹرز کا قیام اور سکیورٹی سسٹم کی تنصیب بھی منصوبے کا حصہ ہیں